نئی دہلی 18 ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) بہار میں اگلے ماہ کابینہ توسیع ہو سکتی ہے۔ آج ریاست ایگزیکٹو میٹنگ میں وزیراعلیٰ نتیش کمار نے اس کے کھلے اشارے دئے۔ وہیں نتیش نے آج اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ بی جے پی کے ساتھ سیٹوں کے تال میل پر قابل احترام سمجھوتہ ہو گیا ہے بس اعلان باقی ہے۔ اگرچہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ قابل احترام کیا ہے۔ کتنی اور کون کون سی سیٹوں پر بات بنی ہے اس کی کوئی تفصیلات نہیں دی۔نتیش کمار نے بغیر کسی کا نام لئے یہ بھی کہا کہ جنہیں جہاں جانا ہے وہ جائیں۔ نتیش نے مجلس عاملہ کے ارکان کو بتایا کہ جلد ہی بورڈ، کارپوریشن اور کمیشن کے خالی عہدوں کو پرکیا جائے گا۔ کابینہ کی توسیع کب ہوگی، اس پر جے ڈی یو کے سیکرٹری جنرل کے کہا کہ یہ وزیر اعلی کا استحقاق ہے اور انہیں ہی طے کرنا ہے کب توسیع ہوگی ہے اور کسے وزیر بنانا ہے۔آخر میں نتیش نے پرشانت کشور کے لئے سب سے کہا کہ ان کا تالی بجاکر استقبال کریں۔پرشانت کشور کے پارٹی میں آنے سے وہ بہت خوش ہیں اور اس سے پارٹی کو مضبوطی ملے گی۔ آج پرشانت کشور نے باضابطہ طور پر جے ڈی یو میں شمولیت اختیار کی اور پٹنہ میں نتیش کمار کی موجودگی میں انہوں نے پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔